ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات یونیورسٹی نے اردو سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کا کورس شروع کیا

گجرات یونیورسٹی نے اردو سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کا کورس شروع کیا

Sat, 21 Jul 2018 23:31:09    S.O. News Service

احمدآباد،21جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جہاں ایک طرف احمد آباد میونسپل کارپوریشن اردو اسکولوں کو گزشتہ کچھ سالوں سے ایک ایک کرکے بند کر رہی ہے۔ وہیں دوسری طرف گجرات یونیورسٹی نے اردو زبان کے فروغ کے لئے ایم فل اور پی ایچ ڈی کا کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ گجرات یونیورسٹی کے اس فیصلے سے گجرات میں رہنے والے مسلم برادری کے لوگوں کے ساتھ ہی ساتھ اردو زبان سے محبت کرنے والے لوگوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔

اردو زبان سے ایم اے کرنے کے بعد اگر کسی طالب علم کو آگے کی تعلیم حاصل کرنی ہوتی تھی ، تو اسے گجرات سے باہر جانا ہوتا تھا ۔ ایسے میں لڑکیوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا ، کیونکہ لڑکیوں کو گھر والے دیگر ریاست میں پڑھنے کے لئے جانے نہیں دیتے تھے، جس کی وجہ سے لڑکیوں کو بیچ میں ہی تعلیم چھوڑنی پڑتی تھی ۔ لیکن اب ایسا نہیں ہو گا کیونکہ گجرات یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے جب اردو سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے ۔

جب سے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے ، بڑی تعداد میں طلبہ فارم حاصل کرنے کے لئے یونیور سٹی میں آ رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں گجرات یونیورسٹی کے اردو شعبہ کے پروفیسر مسیح الزماں انصاری خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کافی محنت کے بعد یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ، اس کامیابی سے یقیناًاردو زبان سے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا مستقبل سنورے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر مسیح الزماں انصاری نے مزید بتایا کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کے لئے طالب علموں کو انٹرنس امتحان دینا ہوگا ۔ یہ امتحان 100 نمبرات کا ہوگا ، جس میں 50 نمبرات جنرل نالیج کا ہوگا جبکہ 50 مارکس کے اردو ادب سے وابستہ سوالات ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سال ایم فل کے لئے دو سیٹ جبکہ پی ایچ ڈی کے لئے 12 سیٹیں ہوں گی۔ادھر ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کے لئے فارم لینے آنے والی لڑکیوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب اگر آگے کی تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہوگی ۔

پی ایچ ڈی کا فارم لینے آنے والی عظمی پروین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اردو سے ماسٹر ڈگری کرنے کے بعد پریشان ہو گئے تھے ، کیونکہ آگے کی تعلیم کے لئے گجرات میں کسی بھی جگہ پر کوئی آپشن نہیں تھا لیکن اب یونورسٹی کی جانب سے اس سال شروع ہونے والے کورس سے کافی خوشی مل رہی ہے ۔اس سلسلے میں گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر ہمانشو پنڈیا نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے کوشش ہوتی ہے کہ تمام زبان کو فروغ ملے ۔ جب ہمیں پتہ چلا کہ اردو سے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے لئے گجرات میں کوئی انتظام نہیں ہے ، تو ہم نے اس سلسلہ میں سوچنا شروع کیا اور آج نتیجہ آپ کے سامنے ہیں۔ گجرات یونیور سٹی کے اس فیصلہ پر گجرات اردو ساہیتہ اکیڈمی کے رکن زین العابدین انصاری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ڈی اور ایم فل کر کے بچے اب اپنے والدین کا نام روشن کر سکتے ہیں۔


Share: